| خمارِ شوقِ شہزادہ نہیں ہے |
| نظر آمادۂ بادہ نہیں ہے |
| نہ جاؤ وقت کی معصومیت پر |
| بہت چالاک ہے سادہ نہیں ہے |
| ریاضی ہے نہیں دو چار کردیں |
| یہاں دو ایک ہوں آدھا نہیں ہے |
| میسر ہیں نئے مرہم بھی لیکن |
| پرانا درد آمادہ نہیں ہے |
| تجھے یا ہارنا یا جیتنا ہے |
| یہ بازی ہے کوئی وعدہ نہیں ہے |
| دلِ رقصِ جنوں بے دائرہ ہے |
| کسی شطرنج کا پیادہ نہیں ہے |
| نہیں اب بانسری بجتی ہے شؔیدا |
| کہیں اب ناچتی رادھا نہیں ہے |
معلومات