آپﷺ کا نور ہے آپﷺ کے شہر میں
آپﷺ کے نور سے نور ہے دہر میں
آپﷺ ہیں خالقِ کُل کے نورِ ازل
آپﷺ سے روشنی ہے بَر و بحر میں
آپﷺ کے قلب میں نورِ قرآن ہے
آپﷺ پر نور اُترا شبِ قدر میں
آپﷺ ہیں خاتَمُ الانبیاء یانبیﷺ
آپﷺ شمعِ ہدایت ہیں ہر عصر میں
آپﷺ کے نور سے رات روشن ہوئی
آپﷺ کا حسن ہے جلوہِ بدر میں
آپﷺ ہیں رَحْمَتُ للْعَالَمِیْں یانبیﷺ
آپﷺ ہیں شَافِعُ الْمُذْنِبِیْں حشر میں
آپﷺ کا رُخ جِدھر ہے ہے قبلہ اُدھر
آپﷺ کی ہے رضا رب کے ہر امر میں
آپﷺ سے قبل ظلمت کدہ تھا جہاں
آپﷺ کا نور ہے مَطلَعِ الفجر میں
آپﷺ کا خُلق آئینہِ نور ہے
آپﷺ کی ہے ثنا لوح کی نشر میں
آپﷺ کا اُسوہِ اعلیٰ بے مثل ہے
آپﷺ جیسا نہیں ہے کوئی دہر میں
آپﷺ کے نور سے ذہن روشن ہوئے
آپﷺ کا فیض ہے فکر کی لہر میں
آپﷺ کے نور سے چمکے کون و مکاں
آپﷺ کا نور ہے کوخ اور قصر میں
آپﷺ ہیں فاتحِ قلبِ انسانیت
آپﷺ کی حکمتیں ہیں ہر اک نصر میں
آپﷺ کی سنتوں سے نکھرتا ہے تن
آپﷺ کے نور سے نور ہے صدر میں
آپﷺ کے نور سے گھر ہے روشن مرا
آپﷺ کا نور بھی چمکے گا قبر میں
آپﷺ کا فیض ہے سیفی کی نعت میں
آپﷺ کا نور ہے میرے ہر شعر میں

0
14