مرے شاعر |
ثنائے حسن کے شیدا |
رواں تیری زباں پر ہیں |
مری تعریف کے جملے |
کہیں یہ تذکرہ ہے پھر |
مری زلفوں کی رنگت میں |
گھٹاؤں کی سیاہی ہے |
مری آنکھیں ہیں یوں جیسے |
شرابوں کے کٹورے ہیں |
مرے گالوں کی سرخی تو |
شفق کے رنگ جیسی ہے |
مرے ہونٹوں کی ٹہنی پر |
گلابوں کا بسیرا ہے |
مگر یوں ہے مرے شاعر |
تیرے فن کی رسائی تو |
مرے اجلے بدن تک ہے |
مرے اندر کی تاریکی |
بھلا کب تو نے دیکھی ہے |
مگر یوں ہے مرے شاعر |
تیرے فن کی زمینوں میں |
مرے جذبات کے مدفن پہ رکھی ہے |
ترے الفاظ کی چادر |
حسیں الفاظ کی چادر |
انہی لفظوں کی بجلی نے |
چمک کے کر دیا اندھا |
مرے حساس لوگوں کو |
بھلا اب کون دیکھے گا |
مرے ناسور زخموں کو |
مری سسکی کو آہوں کو |
بھلا اب کون دیکھے گا |
مری زلفوں کی رنگت میں |
گھٹاؤں کی نہیں میرے |
مقدر کی سیاہی ہے |
مرے گالوں کی سرخی تو |
زمانے کے طمانچوں کے سبب سے ہے |
مرے ہونٹوں کی ٹہنی پر |
تو کوئی بھی گلاب نہیں |
مرے شاعر مری آنکھوں میں |
آنسو ہیں شراب نہیں |
معلومات