آپﷺ کا نور ہے آپﷺ کے شہر میں
آپﷺ کے نور سے نور ہے دہر میں
آپﷺ ہیں خالقِ کُل کے نورِ ازل
آپﷺ سے زندگی ہے بَر و بحر میں
آپﷺ کے قلب میں نورِ قرآن ہے
آپﷺ پر نور اُترا شبِ قدر میں
آپﷺ ہیں خاتَمُ الانبیاء یانبیﷺ
آپﷺ شمعِ ہدایت ہیں ہر عصر میں
آپﷺ پر چھاؤں کرتا تھا ابرِ کرم
آپﷺ کے فیض سے آب ہے ابر میں
آپﷺ کے نور سے رات روشن ہوئی
آپﷺ کا نور ہے جلوہِ بدر میں
آپﷺ کی سنتوں سے نکھرتا ہے تن
آپﷺ کے نور سے نور ہے صدر میں
آپﷺ کے نور سے گھر ہے روشن مرا
آپﷺ کا نور بھی چمکے گا قبر میں
آپﷺ ہیں رَحْمَتُ للْعَالَمِیْں یانبیؐ
آپﷺ ہیں شَافِعُ الْمُذْنِبِیْں حشر میں
آپﷺ کا رُخ جِدھر ہے ہے قبلہ اُدھر
آپﷺ کی ہے رضا رب کے ہر امر میں
آپﷺ سے قبل ظلمت کدہ تھا جہاں
آپﷺ کا نور ہے جلوہِ فجر میں
آپﷺ کا خُلق آئینہِ نور ہے
آپﷺ کی مدح ہے لوح کی نشر میں
آپﷺ کے نور سے ذہن روشن ہوئے
آپﷺ کا نور ہے فکر کی لہر میں
آپﷺ ہیں فاتحِ قلبِ انسانیت
آپﷺ کا نور پہنچا ہے ہر قصر میں
آپﷺ کا اُسوہِ اعلیٰ بے مثل ہے
آپﷺ کی حکمتیں ہیں ہر اک نصر میں
آپﷺ کا فیض ہے سیفی کی نعت میں
آپﷺ کا نور ہے میرے ہر شعر میں

0
1