| جو سب گھروں سے عالی ہے وہ گھر علیؑ کا ہے |
| جنت نشاں کہیں جسے وہ در علی کا ہے |
| سب خانقاہوں میں جو ہے لنگر علی کا ہے |
| ہر مے کدہ علی کا ہے کوثر علی کا ہے |
| کیا کیا میں کارنامے علی کے تمہیں بتاؤں |
| بدر و اُحد علی کا ہے خیبر علی کا ہے |
| ہارون کی مثال علی کو نصیب ہے |
| مولا خطاب پانا مقدر علی کا ہے |
| اے دشمنانِ دیں کہاں جاؤ گے بھاگ کر |
| ہر اِک جہاں علی کا ہے محشر علی کا ہے |
| شبر سے لے کے مہدی علیہ السلام تک |
| جس کو بھی دیکھیے وہی مظہر علی کا ہے |
| کیسے نمو نہ پاتا یہاں سے خدا کا دین |
| صحرائے کربلا میں گُلِ تر علی کا ہے |
| یہ مشکلاتِ دہر ڈرائیں گی کیا مجھے |
| دستِ تسلی جب مِرے سر پر علی کا ہے |
| ساری حیات جپتے رہے ہم علی علی |
| مرتے سمے بھی نام لبوں پر علی کا ہے |
| بازوئے مصطفیٰ ہوا شیرِ خدا ہوا |
| کتنی بلندیوں پہ مقدر علی کا ہے |
| آیا یہ بھی علی کی فضیلت کے باب میں |
| اللہ کا حبیب برادر علی کا ہے |
| مولا بھی ہے امام بھی ہے حق بھی ہے یہی |
| یعنی ہر ایک رتبہِ اکبر علی کا ہے |
| وجہہ اللہ ہے علی اسد اللہ بھی ہے علی |
| ہر اِک لقب ہر اِک سے فزوں تر علی کا ہے |
| شاہؔد در آسمان و زمینِ خدائے حق |
| کوئی نہیں ہے ایسا جو ہمسر علی کا ہے |
معلومات