سبھی سے جو محبت کر رہے ہیں
یہ لگتا ہے حماقت کر رہے ہیں
لٹا ہے قافلہ جن کی بدولت
انھی سے اب شکایت کر رہے ہیں
خزاں کا ساتھ دینے والے آخر
بہاروں کی وکالت کر رہے ہیں
وطن کو چھوڑنے والے قسم سے
خسارے کی تجارت کر رہے ہیں
ہوئے برباد جن کے مشوروں سے
انھی کی سب حمایت کر رہے ہیں
ہمیں امید جن سے تھی امن کی
وہ ہر سو بس قیامت کر رہے ہیں
اطاعت جن کی کرتا تھا زمانہ
زمانے کی اطاعت کر رہے ہیں

0
2