دل تو دل جاں بھی گواہی دے یہیں ہے ہم میں
آپ پھر کس لیے کہتے ہیں نہیں ہے ہم میں
اس کی خواہش تھی کہ ہم خوب دعا لیں اس کی
آج احساس ہوا تو وہ نہیں ہے ہم میں
اس کے بچھڑے ہوئے اک لمبا زمانہ گزرا
پھر بھی لگتا ہے کہیں گوشہ نشیں ہے ہم میں
اس کے بیٹھائے ہوئے دل میں محبت کے نقوش
لہلہاتی ہوئی زرخیز زمیں ہے ہم میں
آپ کیا ڈھونڈنے نکلے ہیں جہاں بھر میں وفا
باپ کی بخشی ہوئی شے تو یہیں ہے ہم میں
اس کی یادوں نے عطا کی ہے سنہری سی خلش
عکسِ زرتاب کی صورت جو مکیں ہے ہم میں
نغمۂ عشقِ الٰہی سے تھی تر اس کی زباں
سجدۂ شوق سے آلودہ جبیں ہے ہم میں
درِ محبوبِ حقیقی پہ ہوا تھا بیمار(١)
اس کی رحمت کا بھی حد درجہ یقیں ہے ہم میں
دل کی دیوار کی تصویر سے جی بہلائیں
بے قراری بھی مگر اس کے تئیں ہے ہم میں
جا بجا لکھیے کہ میراثِ وفا بخشی گئی
یا یہ کہیے کہ محبت کا امیں ہے ہم میں
(١) حضرت والد ماجد رحمہ اللّٰہ نماز فجر کے لیے مسجد تشریف لے گئے اور وہیں گر گئے سردی کی شدت میں فالج نے حملہ کیا اور پھر تین سال بستر علالت پر گزار کر ١٨/جنوری ٢٠٢٦ء کو صبح ساڑھے آٹھ بجے جان جاں آفریں کے سپرد کر دی۔

0
3