| سچ دکھانے کے جو حق دار نظر آتے ہیں |
| اب کہاں ایسے قلم کار نظر آتے ہیں |
| راہ میں خار بچھاۓ ہیں انھیں لوگوں نے |
| جو ہمیں مونس و غم خوار نظر آتے ہیں |
| دور حاضر کی ترقی یہ بتاتی ہے ہمیں |
| چند دن اور یہ اخبار نظر آتے ہیں |
| یہ اندھیرا ہمیں آگے نہیں بڑھنے دیگا |
| ظلم کے جھوٹ کے بازار نظر آتے ہیں |
| خود نمائ تھا فقط جن کا ازل سے شیوہ |
| اب وہی قافلہ سالار نظر آتے ہیں |
| خوش مزاجی کا سلیقہ نہیں سیکھا جس نے |
| لوگ چہرےسے وہ بیمار نظر آتے ہیں |
| کام آتے ہیں برے وقت میں آسانی سے |
| یوں تو دشوار مرے یار نظر آتے ہیں |
معلومات