| اک ذرا آئنہ دکھانے سے |
| دشمنی ہو گئی زمانے سے |
| ہم تھے شاہین ہو گئے کرگس |
| فرق آیا حرام کھانے سے |
| ساری دنیا میں وہ نہیں پایا |
| جو ملا تیرے پاس آنے سے |
| زندگی وہ ہی چھین سکتا ہے |
| لوگ ڈرتے ہیں کیوں زمانے سے |
| اپنے فن میں وہ اتنا ماہر ہے |
| کوئی بچتا نہیں نشانے سے |
| خوشبوۓ یار اب نہیں آتی |
| کیا وہ اٹھ کر گیا سر ہانے سے |
| تیرے ہنسنے سے روشنی پھیلے |
| پھول کھلتے ہیں مسکرانے سے |
| زندگی میں عمل ضروری ہے |
| کچھ نہ ہوگا فقط ترانے سے |
| یہ محبت کی جنگ ہے اس میں |
| جیت ہوتی ہے ہار جانے سے |
| وہ بھی تبدیلی چاہتے ہیں یہاں |
| جن کو فرصت نہیں کمانے سے |
| سو میں لڑتا رہوں گا آخر تک |
| موت اچھی ہے قید خانے سے |
| بعض آؤ گے تم نہیں ازہر |
| زخم کو شاعری بنانے سے |
معلومات