مری عادت ہے خودتحقیق کرنا
پھر اس کے بعد ہی توثیق کرنا
ازل سے قبل ہی سب طے شدہ تھا
ہے کس کو کس طرح تخلیق کرنا
صداقت ہے اگر باتوں میں میری
تو میرے یار پھر تصدیق کر، نا
بہت مشکل ہے کرنا جمع لیکن
بہت آسان ہے تفریق کرنا
یہ کیسا عالمانہ مشغلہ ہے؟
اِسے کافر اُسے زندیق کرنا
سنو، اب یہ مرا اگلا ہدف ہے
بہر صورت تمھیں صدیق کرنا
دلیلوں کے لیے ڈھونڈیں دلیلیں؟
مصیبت ہے عجب تدقیق کرنا
لٹانا عشق میں تیرے سبھی کچھ
مرے مالک مری توفیق کرنا

0
8