حق تعالیٰ اُن پہ رحمت کرتے ہیں
مصطفیؐ سے جو مَحَبَّت کرتے ہیں
جان میں پیدا حلاوت کرتے ہیں
سبز گنبد کی زیارت کرتے ہیں
ہم یہاں سے اب نہ جائیں گے کہیں
آ کے طیبہ میں یہ نِیَّت کرتے ہیں
وہ ہیں زیرِ سایہِ فضلِ خدا
نامِ احمدؐ کی جو کثرت کرتے ہیں
ایسے آقاؐ سے ہمیں نسبت ہے جو
لمحہ لمحہ ہم پہ رحمت کرتے ہیں
ہے یِہی مَذہَب ہَمارا باخدا
سرورِ دیںؐ سے مَحَبَّت کرتے ہیں
بند آنکھیں کر کے پڑھتے ہیں دُرُود
یوں علاجِ دردِ فُرْقَت کرتے ہیں
یہ ہے مُژدَہ عاصیوں کے واسطے
رو رو کر آقاؐ شَفاعَت کرتے ہیں
یاد کرتے ہیں ہم اُن کو گاہ گاہ
اور وہ ہر دم عِنایَت کرتے ہیں
آپ سنتے ہیں روا بھی کرتے ہیں
اس لیے ہم عرضِ حاجت کرتے ہیں
مت بِگڑ نعتِ نبیؐ سے نجدیا
ہم تو بس سامانِ رحمت کرتے ہیں
وہ بہت دور آتشِ دوزخ سے ہیں
مصطفیؐ جن کی حِمایَت کرتے ہیں
دنگ ہیں شاہدؔ سلاطینِ جہاں
ایسی ایسی وہ عنایت کرتے ہیں

0
7