محبت ہے مرا پیغام جتنا عام ہو جائے
بڑا سب سے یہی اک کام ہے یہ کام ہو جائے
نظر کے زاویے سے جانے کیا الہام ہو جائے
کہ بسمل کی طرح بے خود دلِ ناکام ہو جائے
تباہی کے اشارے مل رہے ہیں رفتہ رفتہ پھر
مہرباں ہم پہ شاید گردشِ ایام ہو جائے
زمانے کو کیے ہی جا رہا ہے اپنی مٹھی میں
کہیں خود ہی اسیرِ چرخِ نیلی فام ہو جائے
گہن لگ جائے جانے کب مرے جسمانی سورج کو
نہ جانے کس گلی میں زندگی کی شام ہو جائے
تمہارے ہاتھ اٹھتے ہی کھلیں قسمت کے دروازے
تمہارے لب کے ہلتے ہی ہمارا کام ہو جائے
کٹی ہے شیخ کی صحبت میں پیتے پیتے ساری شب
سحر ہونے سے پہلے آخری اک جام ہو جائے
سنا ہے شہر سارا آپ کی تہمت کی زد میں ہے
ہمارے نام بھی دلکش کوئی الزام ہو جائے
تمہارے ہاتھ سے یہ شاعرِ مدہوش تھاما جائے
ادھوری آرزو اس جشنِ مے میں تام ہو جائے
مجاور بن کے بیٹھے ہم تو ہیں اس حسنِ نیت سے
نہ جانے کون سی کافر ادا اسلام ہو جائے
ہمارے شیخ صاحب کا جو فتویٰ ہو بجا لیکن
یہ سجدہ عالمِ مدہوشی میں ہر گام ہو جائے
اسے گمنامی کے پردے میں ہی رہنے دو اے لوگو
مبادا نام ہوتے ہوتے ہی بدنام ہو جائے
زمانے کی تمازت مضطرب کر ہی نہیں سکتی
تمہاری زلف کی چھاؤں میں جب آرام ہو جائے
محبت کی ہر اک توفیق رمزِ نیک فالی ہے
ہماری ابتدا شاید کہ خوش انجام ہو جائے
مری نغمہ سرائی کا وہی اک شخص عنواں ہے
یہ میں نے کب کہا ثانی کہ میرا نام ہو جائے
ثانی ارریاوی

0
1