| کون کہتا ہے کہ بے ربط فسانے لکھیں |
| یہ نہ ہو بعد میں وہ ہم کو دوانے لکھیں |
| جس نے لکھنا ہے وہ ظلمت کو سحر لکھ ڈالے |
| ہم نہیں وہ جو یہ حالات سہانے لکھیں |
| میٹھے دو بول بھی تاثیرِ دوا رکھتے ہیں |
| اپنے الفاظ سے ہر درد مٹانے لکھیں |
| آپ لکھتے ہوئے ملحوظ رکھیں دِیں اپنا |
| گو بصد شوق نئے سال بہانے لکھیں |
| چاٹتے جاتے ہیں آداب سے عاری جملے |
| آؤ! اردو میں ہی اردو کو بچانے لکھیں |
| ہم نے وارا ہے سبھی کچھ تو فقط حق کے لیئے |
| اب بتا لوگ ہمیں کیسے سیانے لکھیں |
| ہم کو یہ زیب نہیں دیتا کہ اوروں کی طرح |
| ہم بھی بازار میں بس دھوم مچانے لکھیں |
معلومات