نذرانہ جاں کا اپنی چڑھایا حسینؓ نے |
ہستی کو دین حق پہ لٹایا حسینؓ نے |
حکم خداﷻ پہ کنبہ کھپایا حسینؓ نے |
"ایثار کیا ہے ہم کو بتایا حسینؓ نے" |
دیکھا شہید ہوتے اقاربؓ کو سامنے |
صبر جمیل ہم کو سکھایا حسینؓ نے |
سجدے میں مسکراتے کٹایا گیا ہے سر |
مژدہ رضائے مولیﷻ کا پایا حسینؓ نے |
پائے ثبات زیست میں رکھنا ہے لازمی |
جزبہ یہ خاص دل میں بسایا حسینؓ نے |
دنیائے فانی ہیچ ہے، عقبی ہے بے بہا |
اس غایت اولی کو جگایا حسینؓ نے |
رحمت کی اہل بیتؓ پہ ناصؔر چلے ہوا |
کردار سے چمن کو سجایا حسینؓ نے |
معلومات