رحمت و نور کی واللہ گھٹا ملتی ہے |
ماں کی آغوش میں جنت کی ہوا ملتی ہے |
ہر گھڑی سر پہ مِرے رکھتی ہے دستِ شفقت |
ماں کے لب سے مجھے ہر وقت دعا ملتی ہے |
مسکرا کے جو چھپا لیتی ہے دکھ درد سبھی |
ماں کی وہ ذات ہے جس میں یہ ادا ملتی ہے |
ملتی ہر رشتے کی تمثیل ہے دنیا میں مگر |
ماں کے جیسی کوئی دنیا میں بتا ملتی ہے |
رب تعالی بھی غضب ناک ہے اس پر ہوتا |
جس بھی بدبخت سے ماں اسکی خفا ملتی ہے |
ماں اگر خوش ہو تو خوش ہوتا ہے ربّ العزت |
ماں کی خوشنودی میں مرضیِ خدا ملتی ہے |
رشک جنت کی ہوائیں بھی ہیں کرتی اس پر |
ماں کے آنچل کی جسے ٹھنڈی ہوا ملتی ہے |
چھو کے زخموں کو وہ کرتی ہے تصدق! اچھا |
ماں کے چھو لینے سے زخموں کو شفا ملتی ہے |
معلومات