ہمیں دشمنوں سے شکایت نہیں ہے
مگر دوستوں کی رعایت نہیں ہے
ہماری وفا کی حکایت نہ پوچھو
کہ سچ کو یہاں اب حمایت نہیں ہے
ہمیشہ رہے گی یہ شاہی تمھاری؟
یہ کوئی خدائی کی آیت نہیں ہے
وطن سب کی مٹی ہے، سب کا لہو ہے
کسی کو الگ سے عنایت نہیں ہے
جھکے سر ہمارا کسی کے بھی آگے
ہمارے لیے یہ روایت نہیں ہے
ستم گر! ترے ظلم کی بھی حدیں ہیں
یہ کس نے کہا ہے نہایت نہیں ہے
قلم بیچ دینا، ضمیر اپنا بیچو
کہ اس سے بڑی اک جنایت نہیں ہے
غزل میں بھی حافظؔ وہی بانکپن ہے
کسی کی مجھے اب ہدایت نہیں ہے

0