اس روضۂ اطہر کے انوار کا کیا کہنا
آمد ہے فرشتوں کی، دربار کا کیا کہنا
ہے چاند یہ جلوہ نما جس طرح ستاروں میں
جھرمٹ میں صحابہ کے، سرکار کا کیا کہنا
سینے سے لگاتے ہیں کالے ہوں کہ گورے ہوں
اس رحمتِ عالم کے کردار کا کیا کہنا
پتھر نے پڑھا کلمہ، پیڑوں نے کیا سجدہ
مومن تو فدا ہیں ہی، اغیار کا کیا کہنا
اللہ کی عطا سے وہ قاسم ہیں زمانے کے
ہر منگتا یہ کہتا ہے، مختار کا کیا کہنا
تنکے بھی کھجوروں کے کفار پہ بجلی تھے
ایمان کی طاقت کی تلوار کا کیا کہنا
وہ غار بھی افضل ہے، وہ یار بھی افضل ہے
صدیقِ مجسم کے ایثار کا کیا کہنا
شیطان بھی راہ بدلے فاروق کی آہٹ پر
انصاف کے زیور کی کردار کا کیا کہنا
آقا کی قرابت سے دو نور ملے جن کو
عثمان غنی تیرے انوار کا کیا کہنا
بستر پہ محمد ﷺ کے بے فکر ہیں آج علیؓ
اس غیب کے محرم کے ایثار کا کیا کہنا
اک وار ہی کافی ہے کفار مٹانے کو
اس فاتح خیبر کی تلوار کا کیا کہنا
ملتی نہیں ثانی کہیں یاران پیمبر کی
یارانِ پیمبر میں ان چار کا کیا کہنا
یسرب جو کبھی تھا وہ آقا کا مدینہ ہے
اس خاکِ معطر پر بیمار کا کیا کہنا
اس بحر کے کاسے میں لفظوں کو سجا کر گل
گر نعت لکھی جائے اشعار کا کیا کہنا

2
80
ماشاءاللہ

شکریہ حضرت