سدا سے ہی مرے دل کو، بہت پیاری مری بہنیں
زمانے کی نگاہوں سے، بڑی نیاری مری بہنیں
​خداوندا سلامت رکھ، انہیں ہنستا ہوا ہر دم
لٹاتی ہیں مرے اوپر، وفا ساری مری بہنیں
​جہاں کے ان خزانوں سے، مجھے بڑھ کر لگی ہیں یہ
کہ دنیا کی ہر اک شے سے، لگیں بھاری مری بہنیں
​مرے حق میں دعائیں یوں، خدا سے کر رہی ہیں یہ
سدا لب پر دعاؤں کو، رکھیں جاری مری بہنیں
​مجھے جب بھی حزیں پائیں، گلے سے لگ کے روتی ہیں
مرے اوپر سدا سے ہی، رہیں واری مری بہنیں
​زمانہ گر خفا مجھ سے، ہوا تو کچھ نہیں پروا
کریں گی ہر گھڑی میری، طرف داری مری بہنیں
​کبھی مجھ پر غموں کا گر، پڑے سایہ تو یہ فوراً
کریں دل سے مری آ کر، یہ دل داری مری بہنیں
​سدا ہی دل میں رکھتی ہیں، محبت ہی محبت یہ
نبھائیں گی سدا دل سے، وفا داری مری بہنیں
​مری مشکل میں جب کوئی، نہیں ہوتا مرے ہمراہ
دکھاتی ہیں ہمیشہ ہی، مدد گاری مری بہنیں
​مرے گھر جب کبھی آ کر، گلے مجھ سے یہ ملتی ہیں
خوشی دل پر مرے کر دیں، سدا طاری مری بہنیں
​دعا یہ دے رہا ہے شادؔ، رب ان کو سلامت رکھ
بڑی سچی نبھاتی ہیں، عجب یاری مری بہنیں

0
2