تیرے ہی نام کی سارے چاہیں برکت اللہ
محتاج بن کے مانگیں تیری ہی رحمت اللہ
ہے لائق پرستش، ہے لائق اطاعت
ہم ایسی ذات کی کرتے ہیں عبادت اللہ
اول بھی تو ہے آخر بھی تو، ترا نہ ثانی
ہے بے مثال عالم میں تیری وحدت اللہ
شمس و قمر، کواکب، ارض و سما یہ سب کچھ
ہر چیز میں جھلکتی ہے تیری قدرت اللہ
ساری بزرگی ہے تیری ذات کو سزاوار
ہے احترام کے قابل تیری جلالت اللہ
جو نیکی یا بدی ہوتی رونما یہاں ہے
اس میں ہے کارفرما تیری مشیت اللہ
پروردگار عالم ناصؔر پہ ہو عنایت
تا زیست چاہتا ہے تیری کفالت اللہ

0
9