صرف چاہت میں یہ انعام ملا کرتا ہے |
دل کے دکھنے پہ بھی آرام ملا کرتا ہے |
ہے فراغت ہی کہاں یاد تمہیں کرنے کی |
عشق کا جتنا ہمیں کام ملا کرتا ہے |
باز آتا یہ اگر تھوڑا سیانا ہوتا |
عشق میں دل کو جو انجام ملا کرتا ہے |
کیا عجب ہے کہ محبت میں ہر اک کا محبوب |
خاص ہوتا ہے مگر عام ملا کرتا ہے |
جو بہکنے سے کیا کرتے ہیں رسوا مے کو |
ایسے کم ظرفوں کو کیوں جام ملا کرتا ہے |
عشق کے ناز اٹھانے سے اگرچہ صاحب |
جان جاتی ہے مگر نام ملا کرتا ہے |
معلومات