نہ روشنی کی تمنا، نہ اب شرار میں ہوں
عجب سکون کے عالم میں، بے قرار میں ہوں!
نہ کوئی نام، نہ باقی نشان ہے کوئی
ہوا کے دوش پہ اڑتا ہوا غبار میں ہوں
خود اپنے ہاتھ سے پتھر اٹھا کے مارا ہے
خود اپنی ذات کے پتھر کا ہی شکار میں ہوں
کسی کی یاد کے کتبے سجا کے سینے پر
بہت دنوں سے خود اپنے ہی اک مزار میں ہوں
بجھے ہوئے سبھی خوابوں کی دھول پلکوں پر
سحر کے نور سے پہلے ہی سوگوار میں ہوں
تمام عمر جو دیوار خود کھڑی کی تھی
اب اپنے آپ کے شاہدؔ اسی حصار میں ہوں!

0
6