اداس نظمیں سنا رہی ہے
وہ دھیمے سر میں جو گا رہی ہے
نگاہِ نازِ بتاں کی شوخی
دلوں کی دنیا لٹا رہی ہے
کسی کے وعدوں کی خامشی بھی
عجیب فتنے جگا رہی ہے
خرد کے دعوے دھرے رہیں گے
جنوں کی منزل بلا رہی ہے
کسی کی یادوں کے سرد موسم
وہ اپنے دل میں بسا رہی ہے
یہ کیسا سودا ہے زندگی کا
کہ سانس قیمت چکا رہی ہے
یہ کس کے آنے کی آس لے کر
وہ روز چوکھٹ سجا رہی ہے
عدم سے ہستی تلک کی گردش
ہمیں کہاں لے کے جا رہی ہے
وہ اپنی پلکوں پہ شام رکھ کر
مجھے ستارے دکھا رہی ہے
جلا کے خرمن ہمارے دل کا
وہ خود ہی آنسو بہا رہی ہے
فریبِ دنیا کی موج ساغرؔ
نشانِ ہستی مٹا رہی ہے

0
3