| وقت تو وقت ہے بدلے گا یہ رفتہ رفتہ |
| آدمی وقت سے پہلے بھی بدل سکتا ہے |
| دن ہے سورج کی شعاعوں میں گرفتار مگر |
| رات پر زور چراغوں کا ہی چل سکتا ہے |
| اس کو معمولی نہ سمجھو کہ یہ ہمت کا چراغ |
| تیز آندھی ہو کہ طوفان یہ جل سکتا ہے |
| اس کی قدرت کا کرشمہ ہے وگرنہ سوچو |
| کوئی موسیٰ کسی فرعون سے پل سکتا ہے |
| عمر بھر جس نے کمائی ہو یہ فانی دنیا |
| وقت رخصت کف افسوس ہی مل سکتا ہے |
| صدقہ خیرات دعاؤں کی بدولت ازہر |
| سانحہ کوئی ہو امکان ہے ٹل سکتا ہے |
معلومات