جانتا ہوں مرے کوچے کی روایت کیا ہے
ابنِ منصور کی، سرمد کی حکایت کیا ہے
خواب بنتا ہوں میں ایسے جو مکمل ہی نہ ہوں
کون بتلائے تمنا کی نہایت کیا ہے؟
سوچنا کار مشقت ہے تھکا دیتا ہے
خوش خیالی کی رعایت بھی رعایت کیا ہے
دشمنوں سے جو ہوا ان سے وہی ہونا تھا
دوستوں نے بھی دکھایا کہ 'حمایت' کیا ہے
کاوشیں، گریہ، دعائیں سبھی انجام ہوئیں
منتظر ہوں کہ بڑے در سے عنایت کیا ہے
راہِ پر خار پہ دامن کو بچا کر رکھنا
اس توجہ کے سوا اور ولایت کیا ہے
عشق کی راہ میں خطرے ہیں خرابی کے بہت
جو کہا تھا وہ ہوا ہے تو شکایت کیا ہے؟

0
25