دیکھو کیسے ہجر منایا جاتا ہے |
اشکوں سے بھی دیپ جلایا جاتا ہے |
یادوں کی برسات سے بھیگے ساون میں |
خود کو خود سے دور بٹھایا جاتا ہے |
اک تتلی سا لمس سجا کر پلکوں پر |
اک جگنو سے خواب چرایا جاتا ہے |
جب ہچکی میں لے وفا کی برتی جائے |
آہوں سے تب گیت اٹھایا جاتا ہے |
تم پوچھو گے - درد کہاں رکھ دیتے ہو |
کونپل کونپل باغ سجایا جاتا ہے |
معلومات