اے مومنو! کہتا ہے یہ قرآن مسلسل
ہو حسن عمل اور ہو ایمان مسلسل
تعمیل و اطاعت کا ہو رجحان مسلسل
ترویج و اشاعت کا ہو ارمان مسلسل
بندے کی ادا کوئی جو غفار کو بھائے
بخشش کا مگر پاس ہو سامان مسلسل
معروف کی تبلیغ ہو، منکر سے ڈرائیں
ترغیب و ہدایت کا ہو فیضان مسلسل
معمول فرائض کا ہو، چاہت ہو سنن سے
احکام شریعت کا ہو میلان مسلسل
سرکارؐ مدینہ کے طریقوں سے ہو الفت
ہو آپؐ کی سیرت پہ بھی قربان مسلسل
ادراک میں ناصؔر ہے نہاں نور بصیرت
پاکیزہ تدبر سے ہو عرفان مسلسل

0
12