| تسلسل سے ستانا چل رہا ہے |
| وہی رشتہ پرانا چل رہا ہے |
| وہی چہرے بدل کر آ رہے ہیں |
| نیا لیکن ترانہ چل رہا ہے |
| خدا کے نام پر لوٹا تھا پہلے |
| وطن کا اب بہانہ چل رہا ہے |
| جسے الہام کا درجہ دیا تھا |
| حقیقت میں فسانہ چل رہا ہے |
| کوئی امید اب باقی نہیں ہے |
| کہ سر پر اب نشانہ چل رہا ہے |
| میں جتنا تیز بھی چلتا ہوں شاہدؔ |
| قدم آگے زمانہ چل رہا ہے |
معلومات