محبت کا حوالہ ہوں سند ہوں
تمہاری بات کر کے مستند ہوں
ترا محبوب ہوں تو غم نہیں گر
زمانے کی نظر میں بد سے بد ہوں
عطا ہونی ہے مجھ کو جاودانی
شہیدانِ وفا میں نامزد ہوں
کسی کی آخری امید تھا میں
دعا کی طرح میں بھی مسترد ہوں
مجھے اولاد کی نعمت عطا کر
خداوندا! میں اب تک لاولد ہوں
نکو فطرت ہوں مجھ میں خیر ہی ہے
مگر میں انتخابِ نیک و بد ہوں
تماشا کر رہا ہوں خودکشی کا
پریشاں آپ ہی میں زد بہ زد ہوں
جنوں کی بات کرتا ہوں ہمیشہ
مگر میں شانِ اربابِ خرد ہوں
مرے ہونے پہ غالب ہے نہ ہونا
میں اک اثبات ہوں پھر اس کا رد ہوں
مرا فن مجھ سے کہتا ہے ہمیشہ
تری تصویر کا میں خال و خد ہوں

0
3