نقش لائل پوری کی زمین میں ایک غزل
"رسم الفت کو نبھائیں تو نبھائیں کیسے
ہر طرف آگ ہے دامن کو بچائیں کیسے"
جشن راحت کو منائیں تو منائیں کیسے
ہر طرف بھوک ہے کھانوں کو سجائیں کیسے
دل گرفتہ ہے مرا جس کے سبب اے ہمدم
نام اس کا سبھی لوگوں کو بتائیں کیسے
ٹوٹ کر جس کو تھا چاہا کبھی ہم نے ساقی
وہ ہمیں چھوڑ گیا خود کو بتائیں کیسے
اس کے جانے سے طبیعت میری کافی بگڑی
دل پہ اک بوجھ پڑا اس کو ہٹائیں کیسے
جس مقدر کو بنانے میں زمانے بیتے
اس مقدر کو بھی ہاتھوں سے مٹائیں کیسے

0
2
49
بہتر زبان جانے بٖغیر کوئی بھی اچھی یا یوں کہیئے درست شاعری کر ہی نہیں سکتا - لفظوں ترکیبوں اصطلاحوں کا اپنا پورا سیاق و سباق ہوتا ہے - وہ جانے بغیر کوئی بات چیت تو کر سکتا ہے شاعری نہیں -

جشن راحت کو منائیں تو منائیں کیسے
--- آپ نے دیکھا کہ رسمِ الفت کے ساتھ بھی "کو" تھا آپ نے اسی وزن پہ جشن راحت لکھا اور " کو" لگا دیا - رسمِ الفت کو نبھایا جاتا ہے مگر جشن راحت کو منایا نہیں جاتا - جشنِ راحت منایا جاتا ہے -

ہر طرف بھوک ہے کھانوں کو سجائیں کیسے
--- یہ محض لفاظی ہے - آپ کو کہنا تھا کہ ہر طرف بھوک ہو تو انسان خود کیسے کھانا کھائے مگر آپ نے لکھا سجائے کیسے - تو بھئی نہ سجائے - بغیر سجائے ہوئے ہی کھا لے -

دل گرفتہ ہے مرا جس کے سبب اے ہمدم
-- آپ نے گرفتہ کا مطلب اداس لیا اور لکھا کہ میرا دل گرفتہ ہے - اردو میں "دل گرفتہ" کی یہ پوری اصطلاح "اداس اور غمزدہ" ہونے کے لیے استعمال ہوتی ہے - تو آپ کا دل گرفتہ نہیں ہے بلکہ آپ دل گرفتہ ہیں -

نام اس کا سبھی لوگوں کو بتائیں کیسے
-- سبھی کا یہ مقام نہیں ہے آپ کہنا چاہ رہے ہیں سب لوگوں کو کیسے بتائیں - سب اور سبھی میں فرق ہوتا ہے -

ٹوٹ کر جس کو تھا چاہا کبھی ہم نے ساقی
-- ساقی کا یہاں کیا محل ہے - یہاں آپ ہاتھی بھی لکھ دیتے تو شعر پہ کوئی فرق نہیں پڑتا - ایسی اصطلاحات اپنے اگے پہچھے بھی کچھ رکھتی ہیں ورنہ انکا استعمال نہیں ہو سکتا -

وہ ہمیں چھوڑ گیا خود کو بتائیں کیسے
اس کے جانے سے طبیعت میری کافی بگڑی
-- کافی کا یہاں کوئی محل نہیں ہے - کافی بگڑی کا مطلب ہے ماضی میں کافی خراب تھی اب ٹھیک ہو گئی ہے
مگر آگے آپ لکھ رہے ہیں اس کو ہٹائیں کیسے مطب ابھی بھی خراب ہے تو یہاں کافی کا لفظ آپ استعمال نہیں کر سکتے -
دل پہ اک بوجھ پڑا اس کو ہٹائیں کیسے
جس مقدر کو بنانے میں زمانے بیتے
اس مقدر کو بھی ہاتھوں سے مٹائیں کیسے
-- " اس مقدر کو بھی" کا کیا مطلب ہے ؟ بھی کا یہاں کوئی محل نہیں ہے - کیا کسی اور چیز کو بھی مٹانا تھا ہاتھوں سے مقدر کے علاوہ -

یاد رکھیں یہ تو زبان کے درست استعمال کی باتیں ہیں - جن کے بغیر شاعری ہی نہیں - شعر کا اچھا ہونا یا نہ ہونا تو بہت بعد کی بات ہے -

0
بہت شکریہ ۔۔۔۔ آپ نے بجا فرمایا ۔۔۔ اس میں بہت سارے عیب ہیں ۔۔۔ آپ کا ممنون ہوں ۔۔۔میں اس کی درستی کی کوشش کرتا ہوں ۔۔۔

0