یکجا کلام
ہو ہم پہ کرم تُو ہی تو رحمٰن ہے مولیٰ
محبوبﷺ کی امت یہ پریشان ہے مولیٰ
بندہ تو گنہ گار ہے رحمٰن ہے مولیٰ
بندوں پہ کرم کرنا تری شان ہے مولیٰ
رحمت کیوں تری ہوگئی انجان اب ہم سے
آباد جہاں ہو گیا ویران ہے مولیٰ
غالب ہے غضب پر ترے مولیٰ تری رحمت
محبوبﷺ کا تیرے یہی فرمان ہے مولیٰ
غفار ہے تُو بخش دے صدقے میں نبی کے
کمزور ہے کمزور یہ انسان ہے مولیٰ
بندہ تو گنہ گار ہے رحمت تو بڑی ہے
میرا تو اسی بات پہ ایمان ہے مولیٰ
آقاﷺ کی محبت میں ثنا خوانی عمل ہے
بخشش کا فقط ایک یہ سامان ہے مولیٰ
آنکھوںمیں رہےبس ترے محبوبﷺکا جلوہ
میرا تو سدا سے یہی ارمان ہے مولیٰ
اب تُو ہی اٹھا لے وبا موذی یہ کرونا
خلقت یہ تری ساری پریشان ہے مولیٰ
دربارِ محمدﷺ میں ہو رمضاں کا مہینہ
دم جائے سخی کا یہی ارمان ہے مولیٰ

0
71