توصیفِ مصطفی کہاں میری مجال میں
آتے ہیں غیب سے یہ مضامیں خیال میں
وہ خؤبروئی آتی نہیں ہے مثال میں
جو خوبروئی آئی ہے ان کے بلال میں
پھنسنے لگا میں جب بھی گناہوں کے جال میں
یادِ حضور آ گئی ہے میری ڈھال میں
تسکین زخموں کو ملے جو ان کی یاد سے
تسکین کوئی ایسی کہاں اندمال میں
حُسنِ حضور کی فقط اک ہلکی سی جھلک
مُضْمِر ہے کائنات کے حسن و جمال میں
شاہانِ دہر رشک کناں بھی ہیں دنگ بھی
وہ سرفرازیاں ہیں ترے پائمال میں
ان سے سوال کر کے وہ بھی مجھ کو مل گئیں
شامل جو نعمتیں نہ تھیں میرے سوال میں

0
11