اے میرے خدا تیری رحمتیں ہیں فضا فضا میں مُشک بوٗ
تیری حمد ہو تیرا ذکر ہو میرے لفظ لفظ میں توُ ہی توُ
تو ہر ایک شَے میں عیاں عیاں تو نہاں کہیں،کہیں روبرو
تو ہی راز ہے تو ہی رازداں تیری شان جل جلالہٗ
کہیں کہکشاں کے نظام میں کبھی صبح میں کبھی شام میں
تیرا نور سب میں ہے مشترک سبھی خاص میں سبھی عام میں
یہ ریاضتیں، یہ عبادتیں تیری اک نظر کا سوال ہیں
جو توُ 'کُن' کہے میری مشکلیں سبھی بے ضرر ہیں نڈھال ہیں
تیری رحمتوں کا ہو کیا بیاں کوئی لفظ مانگے توُ کتاب دے
کوئی ایک قطرہ عمل کرے تُو سمندروں سا ثواب دے
میرے ہر قدم پہ خدائے مَن تیری رحمتوں کا نزول ہو
میں اِدھر دعا کو وضو کروں تَو اُدھر دعا بھی قبول ہو
یہ تیرا کرم ہے کہ لکھ سکا کہاں میری اتنی مجال ہے
میری شاعری کی بساط کیا تیری کُن صدا کا کمال ہے

0
29