بات ان سے کیا کرتے، اس زباں پہ چھالے ہیں
لب نہیں کھلے اپنے، ان پہ کب سے تالے ہیں
دیکھ کر تری آنکھیں، خواب کتنے پالے تھے
اب انہی نگاہوں میں اجنبی اجالے ہیں
عمر بھر جسے چاہا، اس سے کچھ نہ کہہ پائے
دل کے سارے رستوں پر خامشی کے جالے ہیں
ہم نے اپنے سینے میں یاد کے دیے رکھے
جن کو لوگ بھولے تھے، ہم نے وہ سنبھالے ہیں
نقش کچھ یہاں ہم نے روح میں بسائے تھے
آج اپنی یادوں سے نقش وہ نکالے ہیں
درد جو چھپاتے تھے، مسکراہٹوں میں ہم
وقت نے وہی غم اب آنسوؤں میں ڈھالے ہیں
شاہدؔ، اس محبت سے ہم نے یہ سبق پایا
جس کو دل میں رکھا ہے، اس کے غم بھی پالے ہیں

0
1