| جس کو نُورِ مصطفٰیؐ سے فیض یابی چاہیے |
| اُس کو نِسبت اور وَسیلہ، بُوتُرابیؑ چاہیے |
| "اِبْنِ دَثْنہؓ" سی مُحبت، دل میں وہ پیدا کرے |
| جس کو عشقِ مصطفٰیؐ میں کامیابی چاہیے |
| جوشِ اُلفت "بُودُجانہؓ"، سا عطا کر اے خُدا |
| بحرِ عشقِ مجتبٰیؐ میں اِضطرابی چاہئے |
| قُربِ آقاؐ کی دُعائیں مانگتا ہوں رات دن |
| مجھ کو رُوحِ مُصطفٰیؐ کی ہم رِکابی چاہیے |
| بڑھ گیا ہے دردِ فُرقت، نَزَعْ کی تکلیف سے |
| اِس مَریضِ نیم جاں کو، باریابی چاہیے |
| ہِجر میں ہے عُمر گُزری، جاں بَلب ہے منتظر |
| اے جمالِ سَرمدیؐ ! اَب بے حجابی چاہیے |
| سُرخ رُو ہیں، نرم خُو ہیں، با وضُو ہیں ہر گھڑی |
| اُنؐ کے رُخ سے چاند کو بھی ماہتابی چاہیے |
| داغِ عِصیاں سے مِرا دل، سخت اور بے نُور ہے |
| "وَالضُّحٰی" کے واسطے سے آفتابی چاہیے |
| دیکھتے ہی مُصطفٰیؐ کو، حَشر میں یہ غُل اُٹھا |
| ہم کو نارِ دائمی سے بازیابی چاہیے |
| کیوں تُو کرتا ہے تقابل، شان اور ایمان کا |
| احترامِ اہل بیتؑ و ہر صِحابیؓ چاہیے |
| حُبِّ دُنیا دل میں ہے تو، حُبِّ آقاؐ پِھر کہاں |
| حُبِّ دُنیا سے عَزیزو ! اِجتنابی چاہیے |
معلومات