| میرے مالک تری رضا جنّت |
| اس سے بڑھ کر بھی ہو تو کیا جنّت |
| ایسا عالم کہ جس میں تو راضی |
| بخش دے ایسی یا خدا جنّت |
| "رَبِّی ہَبْلِی" رہا سدا لب پر |
| تیرے محبوب کی دعا جنّت |
| نورِ محبوب کی رہے صحبت |
| یہ نہ ہو تو، تو ہو بھی کیا جنّت |
| وہ عمل جو نبی کو خوش کردے |
| ہو ان اعمال کی عطا جنّت |
| والدہ پہلا درسِ روحانی |
| زیرِ قدمینِ والِدہ جنّت |
| گر کبھی ہو گئے خفا والد |
| دے گی ہرگز نہ داخلہ جنّت |
| والداں، ربِّ صغرا قرآں میں |
| پیار سے ان کو دیکھنا جنّت |
| عرشِ اعلٰی ہے قلبِ مؤمن جب |
| پھر تو ہو قلبِ مسلمہ جنّت |
| دل میں پچھتاوا نہ رہے باقی |
| دیکھنا پھر تو آئینہ جنّت |
| اپنی عصمت کے ہوں محافظ تو |
| مرد و عورت کی ہے حیا جنّت |
| کرتے کرتے اطاعتیں حق کی |
| پائے جب نفس اِطمِنہ جنّت |
| بندگی کے لئے جو دے لالچ |
| ایسی ہو جائے بس فنا جنّت |
| بندگی ہر کوئی کرے خالص |
| بس اسی کی تو ہے جزا جنّت |
| بات جنّت سی کی ذکی تو نے |
| اور باندھا بھی قافیہ جنّت |
معلومات