وہ اک دن عید عیدوں کا بنانا یا رسول اللہ
ہمیں دربارِ اقدس میں بلانا یا رسول اللہ
وہ رشکِ عید ہو اک دن سُہانا یا رسول اللہ
بلا کر طَیْبہ میں قسمت جگانا یا رسول اللہ
مدینے میں ہمارا جب ہو آنا یا رسول اللہ
نشانِ پاک قدموں کے دکھانا یا رسول اللہ
خدا کی خَلق میں سب سے بڑا ہے آپ کا رتبہ
ہمارے دل میں اپنا گھر بسانا یا رسول اللہ
قدم سے آپ کے دونوں جہاں حق نے کِئے روشن
انہی انوار سے دل کو سجانا یا رسول اللہ
مٹانے کے لیے اِس دل کی حسرت یا رسول اللہ
ہمیں دیدار کا شربت پلانا یا رسول اللہ
تمنّا چشمِ پُر نم کی فقط اتنی سی ہے آقا
محبت دم بہ دم دل میں بڑھانا یا رسول اللہ
سنا ہے حیثِیَت سے بڑھ کے ملتا ہے مدینے میں
عطا ہو رحمتوں کا ہر خزانہ یا رسول اللہ
سفر درپیش ہو جب آخرت کا، شافِعِ محشر
دَمِ آخر ہمیں جلوہ دکھانا یا رسول اللہ
تلاشیں حشر میں جب بہرِ پُرسش سب فرشتے تب
ہمیں اس کالی کملی میں چھپانا یا رسول اللہ
سنا ہے کہ دعا مقبول ہوتی ہے مدینے میں
ذکیؔ کو حشر میں اپنا بتانا یا رسول اللہ

3