| خاکِ اَرضی پہ نُور آیا ہے |
| رَب کی مَرضی سے نُور آیا ہے |
| پاک طِینت نَسَب یہ سارا ہے |
| پاک پُشتوں سے نُور آیا ہے |
| مرحَبا مرحَبا دوعالم کو |
| آؤ دیکھو کہ نُور آیا ہے |
| کَنزِ مَخفی کے عَکسِ اَقدس سے |
| ذاتِ احمدؐ کا نُور آیا ہے |
| سب سے اوّل جو تھا خَلائِق میں |
| سب سے آخر وہ نُور آیا ہے |
| جو اِرادہ تھا نُورِ مُطلَق کا |
| اُس اِرادے کو نُور آیا ہے |
| دیکھ سکتی نہیں جسے آنکھیں |
| وہ دِکھانے کو نُور آیا ہے |
| نُور آیا ہے آپؐ کی صورت |
| بن کے قرآں بھی نُور آیا ہے |
| نُورِ حق کے ہی رنگ سارے ہیں |
| رنگِ عالَم میں نُور آیا ہے |
| کیسے کہہ دوں کہ کُچھ نہیں دیتے |
| نُور دینے کو نُور آیا ہے |
| کربلا میں حُسینؑ کی صورت |
| رَدِّ ظُلمت کو نُور آیا ہے |
| راہِ اُلفت ہے روشنی کا سفر |
| رہنمائی کو نُور آیا ہے |
| جس نے مانا ہے نُورِ احمد کو |
| اُس کے سینے میں نُور آیا ہے |
| جب سے میلاد مَیں مناتا ہوں |
| میرے چہرے پہ نُور آیا ہے |
| قبرِ عاشق غلاؔم کو دیکھو |
| ضُو فِشانی کو نُور آیا ہے |
معلومات