| مجھ کو سب سے برا سمجھ لیجیے |
| سب ہے میری خطا سمجھ لیجیے |
| جو ہے دل میں چھپا سمجھ لیجیے |
| جو نہ میں کہہ سکا سمجھ لیجیے |
| آپ کا مسکرا کے مل لینا |
| روح کی ہے غذا سمجھ لیجیے |
| کیسے رکھنا ہے حسن والوں کو |
| کچھ نہیں تجربہ سمجھ لیجیے |
| آپ کا انتظار کرتے ہیں |
| ہے یہی مشغلہ سمجھ لیجیے |
| ہے مرے دل میں آپ کی تصویر |
| دل کو اب بت کدہ سمجھ لیجیے |
| سر با خم حکم مانتا ہوں میں |
| خود کو فرماں روا سمجھ لیجیے |
| یہ محبت نہیں تو پھر کیا ہے ؟ |
| چھوڑئے وسوسہ سمجھ لیجیے |
| اس قدر بے رخی دکھانے سے |
| بجھ نہ جائے دیا سمجھ لیجیے |
| پیار شدت سے کر رہا ہوں میں |
| بات یہ با خدا سمجھ لیجیے |
| ایک آواز پر چلا آیا |
| پھر مجھے بے وفا سمجھ لیجیے |
| آپ کے ہونٹوں سے لگا ہوا ہوں |
| مجھ کو اپنی صدا سمجھ لیجیے |
| میں مسلسل کبھی نہیں کہتا |
| یہ بھی ہے مسئلہ سمجھ لیجیے |
| دل یہ کہتا ہے با ادب ہو کر |
| یار ہے ہر جگہ سمجھ لیجیے |
| اب وضاحت نہیں ضروری ہے |
| آپ خود ترجمہ سمجھ لیجیے |
| آپ کے ذہن و دل کے حصے میں |
| ہم ہی ہیں جا بہ جا سمجھ لیجیے |
| آپ خالؔد کی بندگی میں شمار |
| آپ ہی ہیں دعا سمجھ لیجیے |
معلومات