دل پر چوٹ لگانے والے شاد رہیں
یعنی چھوڑ کے جانے والے شاد رہیں
ہم کو میسر ہو جائیں امکان نہیں
تیرا دل بہلانے والے شاد رہیں
اکتائے سے پھرتے تھے ہم ویسے بھی
موت کی نیند سلانے والے شاد رہیں
اپنی مدد ہم آپ کریں تو بہتر ہے
پھر بھی ہاتھ بٹانے والے شاد رہیں
بیچ سفر میں منزل سے جو بھٹکے ہیں
راہ انہیں دکھلانے والے شاد رہیں
تاریکی میں ہم کو دھکیل کے خود اپنا
مستقبل چمکانے والے شاد رہیں
رندِ طمع سب لوگ یہاں پر رہتے ہیں
آئینہ دکھلانے والے شاد رہیں
زیست قفس ہے چاروں سمت اندھیرا ہے
سِدْویؔ دیپ جلانے والے شاد رہیں

0
44