| دشمن کیوں ہے آج وہ اپنی بیٹی کی آزادی کی |
| جس نے گھر سے بھاگ کے اپنی مرضی سے تھی شادی کی |
| جس دن تیرا والد تیرے لہجے سے ڈر جائے گا |
| پہلی اینٹ اسی دن رکھی جائے گی بربادی کی |
| میری پشت پہ اینٹوں میں کچھ اور اضافہ کر دو تم |
| آج مجھے اک خواہش پوری کرنی ہے شہزادی کی |
| کلیاں،گلیاں، بادل، پربت سب میں اس کی خوشبو ہے |
| کہتے ہو تو سیر کراؤں تم کو اس کی وادی کی |
| اپنی عمر سے میں جو یارو اتنا زیادہ لگتا ہوں |
| کچھ ہے ہاتھ محبت کا ، کچھ دنیا نے استادی کی |
| اس دنیا کے ہر ذی روح کا رزق خدا کے ذمہ ہے |
| دنیا کو پھر کیوں ہے چنتا اس بڑھتی آبادی کی |
| تم سے کوئی کام قمرؔ جی پورا بھی ہو پایا ہے؟ |
| آدھا علم ، ادھورے سپنے اور چاہت بھی آدھی کی |
معلومات