| ہو نظر کرم کی تو یا نبی، غمِ دو جہاں سے رِہا ملے |
| یہ رِہا بھی بہرِ عطا ملے، یہ عطا بھی بہرِ خدا ملے |
| ہو نظر ادھر پئے فاطمہ، جنہیں حق نے بخشا ہے مرتبہ |
| ہے جو روپ ہو بہ ہو آپ کا، اسی واسطے سے عطا ملے |
| ہو کرم علی کا ہے واسطہ، جنہیں حق نے مولیٰ بنا دیا |
| جو فنا بقا کا ہے آئینہ، اسی راہبر سے ہدیٰ ملے |
| ہے جو بعد آپ کے مجتبیٰ، وہ حسن ہمارے ہیں پیشوا |
| ہے جو حق سے آپ کے حق نما، ملے ان سے روح کو جلا ملے |
| وہ شہیدِ اعظمِ کربلا، نہیں ثانی جن کا ہے دوسرا |
| ہے حسین آپ سے رہنما، اسی صدقے طرزِ وفا ملے |
| جو کبھی کرم کی زکوٰۃ دیں، ہمیں عاشقوں کی صفات دیں |
| جو پسند ہو ایسی حیات دیں، نہیں مانگی جو، وہ دعا ملے |
| ذكیؔ اك فقیر ہے پیر كا، ہے جو نور بدرِ منیر كا |
| ہے تقاضہ اس كے ضمیر كا، كہ فقیر پیر سے جا ملے |
معلومات