| خَیال تیرا جسے مِلا ہے، وہ قُربتوں سے نِہال ہوگا |
| تِرے تَصوّر کی روشنی سے، جَہاں میں روشن خَیال ہوگا |
| ہُوا ہے مَجذوب اور دِوانہ، جسے بھی کوئی رَمَق ملی ہے |
| مَقامِ حَیرت ہیں راز تیرے، کہ ہوش آنا مُحال ہوگا |
| وُجودِ ظاہر فَنا ہیں سارے، وُجودِ باطن بَقا رہے گا |
| وُجودِ اَوّل، وُجودِ آخر، وُجودِ جَلَّ جَلال ہوگا |
| کِسی بھی ذَرّے کو کھول دیکھو، کِسی تَرازو پہ تول دیکھو |
| جَہاں سے دیکھو، جَہاں پہ دیکھو، اُسی کا حُسنِ جَمال ہوگا |
| اَجَل کے آتے ہی ہوں گی ظاہر، حقیقَتوں کی حقیقَتیں بھی |
| سِوائے رُوحِ فَقیرِ کامل، سَبھی کو رَنج و مَلال ہوگا |
| نِگاہِ کامل پَڑی ہے جس پر، اُسی کو کُندن بنا دیا ہے |
| فَقیرِ کامل کا اَدنٰی خادم، جَہاں بھی ہوگا، کَمال ہوگا |
| غُلام تُجھ کو اَمَر ہُوا ہے، خُدا کی پاکی بیان کرنا |
| اِسی سے تُجھ کو مِلے گی پاکی، اِسی سے تُجھ کو وِصال ہوگا |
معلومات