ہر شخص کو ہم حال سنایا نہیں کرتے
ہر زخم زمانے کو دکھایا نہیں کرتے
خاموشی سے سہتے ہیں محبت کے سبھی غم
ہر درد کو لفظوں میں سجایا نہیں کرتے
آتا ہے تعلق کو نبھانا ہمیں لیکن
ہر شخص سے ہم رشتہ بنایا نہیں کرتے
رکھتے ہیں ہر اک غم کو بھی سینے سے لگا کر
ہم اشک سرِ بزم بہایا نہیں کرتے
دنیا کی نگاہوں میں وفا جرم سہی پر
ہم عشق کے دستور مٹایا نہیں کرتے
جو دل میں اتر جائیں وہ رہتے ہیں ہمیشہ
ہر شخص کو ہم دل میں بسایا نہیں کرتے
ہم جانتے ہیں عشق کے انجام کو لیکن
اس خوف سے چاہت کو چھپایا نہیں کرتے
ہم اہلِ محبت ہیں اصولوں کے امیں ہیں
ہم سر کسی کے آگے جھکایا نہیں کرتے
چاہت میں بھلے جان بھی ساگر چلی جائے
ہم اہلِ وفا عہد بھلایا نہیں کرتے
شاعر ساگر حیدر عباسی

0
1