وہ جانِؐ جہاں کا مَکاں، اللہ اللہ
ملی مُجھ کو جس میں اَماں، اللہ اللہ
اُنہی پر ہے قُرباں مِری نقدِ جاں بھی
ہے قُربان جن پر جَہاں، اللہ اللہ
مِرے دل کا کعبہ ہے منبر نبیؐ کا
ہے محراب نُوری کَماں، اللہ اللہ
وہاں موجزن ہیں خُدائی کے جلوے
وہ موجِ خُدا کا سَماں، اللہ اللہ
صَدائیں دَرودُوں کی آتی ہیں ایسے
ہو جیسے بِلالی اَذاں، اللہ اللہ
خُدا بھی ہے محوِ جمالِ محمدؐ
یہ ہوتا ہے مُجھ کو گُماں، اللہ اللہ
یہ نامِ محمدؐ نہیں اِسمِ عامی
تجلّی کا ہے یہ نِشاں، اللہ اللہ
کلامِ خُدا ہے قصیدہ نبیؐ کا
ثنائے محمدؐ، زُباِں اللہ اللہ
اَحد کی حقیقت کا مظہر ہیں اَحمدؐ
عَیاں ہیں محمدؐ، نِہاں اللہ اللہ
مُحبت ہے اُنؐ کی، خُدا کی مُحبت
ہیں اُلفت کی رُوحِ رَواں، اللہ اللہ
ہے نَفْسِ محمدؐ "عَرَفْ" کے بیاں میں
کَہاں میرا مَن اور کَہاں، اللہ اللہ

0
9