| عاشق کے دل میں عشق جگاتی ہے عاشقی |
| معشوق کو بھی روگ لگاتی ہے عاشقی |
| صحرا میں خاکِ قیس اُڑاتی ہے عاشقی |
| رانجھے کو بن کا جوگی بناتی ہے عاشقی |
| کٹتی ہے عمر عاشقوں کی رقصِ ہجر میں |
| دیوانگی کا ناچ نچاتی ہے عاشقی |
| جلتے ہیں سوزِ عشق میں دیوانے رات دن |
| ایسی دلوں میں آگ جلاتی ہے عاشقی |
| ملنا محال ہوتا ہے جن کا جہان میں |
| اُن کے ہی دل میں آکے سماتی ہے عاشقی |
| دلبر دکھائی دیتا ہے تاروں میں چاند میں |
| ہر شے میں اس کا عکس دکھاتی ہے عاشقی |
| پل بھر لگے نہ دل کسی بھی کام و کاج میں |
| آٹھوں پہر سحاب ستاتی ہے عاشقی |
| شعلے سخن کے یونہی بھڑکتے نہیں سحاب |
| شاعر کے دل میں آگ لگاتی ہے عاشقی |
معلومات