| کرم پہ مائل خدا تعالیٰ کی ذات ہوگی تو نعت ہوگی |
| خدا کے سب سے زِیَادہ پیارے کی بات ہوگی تو نعت ہوگی |
| ہر ایک لمحہ نبی نبی ہے، کہ نعت ان کی نہیں رُکی ہے |
| جو دن بھی ہوگا تو نعت ہوگی، جو رات ہوگی تو نعت ہوگی |
| انانیت جو کوئی دکھائے، نبی کی تعریف سہہ نہ پائے |
| نبی کی یادوں میں نفسِ سرکش کی مات ہوگی تو نعت ہوگی |
| کلامِ حق جو سمجھ گیا ہو، سمجھ سمجھ کے سلجھ گیا ہو |
| تو آیتوں کی سمجھ میں اس کے برات ہوگی تو نعت ہوگی |
| کرم نبی کے بہت بڑے ہیں، ہم ان کے قابل کہاں ہوئے ہیں |
| جو ہم کو حاصل کرم کی تھوڑی زکوٰۃ ہوگی تو نعت ہوگی |
| وہی ہیں یاسیں وہی ہیں طٰہٰ، نبی کے ایسے بہت ہیں اسماء |
| سمجھ میں قرآں کی عارفانہ لُغات ہوگی تو نعت ہوگی |
| نبی پہ جاں کو فدا ہے کرنا، کہ جیتے جی ہے انھیں پہ مرنا |
| محبّتِ مصطفی میں حاصل ممات ہوگی تو نعت ہوگی |
| اگر ہو دنیا کا دل میں ڈیرا، ذلالتوں نے ہے دل کو گھیرا |
| نبی کی الفت میں آ کے دل کو نجات ہوگی تو نعت ہوگی |
| درود ان پر سلام ان پر، ہو زندگی کا نظام ان پر |
| وفائے احمد میں جاری ساری حیات ہوگی تو نعت ہوگی |
| وفا خدا سے نبھانا چاہو، نبی کے اخلاق دل میں لاؤ |
| حیات ساری کی ساری جب صالحات ہوگی تو نعت ہوگی |
| ہے نعت خوانی کا راز کیسا، ذکیؔ ہےناداں اسے پتا کیا |
| فدا نبی پر وجود کی کائنات ہوگی تو نعت ہوگی |
معلومات