| اے میرے نبیؐ مُجھ کو اپنا ہی بَنا لینا |
| دیوانہ میں تیرا ہوں کملی میں چُھپا لینا |
| تیرے ہی وَسیلے سے مِلتا ہے خُدا سب کو |
| مِل جائے وَسیلہ پھر اوروں سے کیا لینا |
| مولا نے فَتَرْضٰی کا وَعدہ ہے کیا تُم سے |
| دے کر یہ حوالہ تم مُجھ کو بھی بَچا لینا |
| صَدقے میں فَاَوْحٰی کے مُجھ پر یہ کرم کرنا |
| مَحشَر میں مُجھے اپنے قَدموں میں بِٹھا لینا |
| میں نے وَرَفَعْنَا کا یُوں حق ہے اَدا کرنا |
| اِک نعتِ نبیؐ پڑھ کر رَب کو ہے مَنا لینا |
| اِحسانِ نبیؐ ہم پر کتنا ہے ذرا سوچو |
| بے لوث شَفاعَت ہے کیا ہم سے صِلہ لینا |
| فتنوں کے مُقابل میں اِمداد مِری کرنا |
| اے میرے نبیؐ میری نِسبت کو بچا لینا |
| قابِل تو نہیں ہُوں پر رَحمت کا تقاضا ہے |
| دربارِ رِسالت میں مُجھ کو بھی بُلا لینا |
| قَرنیؓ ہوں نہ رُومیؒ ہوں، سَعدیؐ ہوں نہ جامیؐ ہوں |
| بے نام سا بَردَہ ہوں، سینے سے لگا لینا |
معلومات