سُوئے سُبحان بُلانے کے لئے آپؐ آئے
ہم کو رَحماں سے مِلانے کے لئے آپؐ آئے
مُنعکس آپؐ کی صُورت میں ہُوا وَجْہُ اللہ
حُسنِ جانان دِکھانے کے لئے آپؐ آئے
آیا قُرآں تو زُباں گُل ہوئی شیطانوں کی
ہم کو قُرآن سِکھانے کے لئے آپؐ آئے
آپؐ کو اس لئے قُرآن پُکارے ہے حَریص
ساری اُمت کو بچانے کے لئے آپؐ آئے
جب تلک آپؐ ہیں ہم میں، نہ عذاب آئیں گے
یہ ضمانت بھی دِلانے کے لئے آپؐ آئے
نُورِ اَقدس نے نکالا ہے بَھنور سے ہم کو
بحرِ ظُلمات مِٹانے کے لئے آپؐ آئے
آپؐ کی دید حقیقت میں وِصالِ حق ہے
ہم کو معراج کرانے کے لئے آپ آئے
ہجر کی آگ میں جلتے ہوئے پروانوں کو
جام کوثر کا پِلانے کے لئے آپؐ آئے
حُسنِ ظن ہے یہ مِرا اور یقیں ہے کہ مُجھے
کالی کملی میں چُھپانے کے لئے آپؐ آئے
میرے خوابوں میں جو آئے تو کہا ہے دل نے
مُجھ کو اپنا ہی بنانے کے لئے آپؐ آئے
کوئی محروم نہیں ہے دَرِ رحمت سے غُلام
رَب کی رحمت کو لُٹانے کے لئے آپؐ آئے

0
6