رہوں میں کس طرح غافل، محبت اک عنایت ہے
مہک اٹھتی ہے ہر محفل، محبت اک عنایت ہے
بھٹک کر راہِ الفت میں جو پہنچا عشق کی منزل
ہوا خوشبو سے بھی غافل، محبت اک عنایت ہے
چمک اٹھا جو اشکوں سےمرا چہرا بنا کامل
یہی ہے عشق کا حاصل، محبت اک عنایت ہے
تمہارے حسن کا کاجل، چراغِ دل جلاتا ہے
یہ روشن رات کی محفل، محبت اک عنایت ہے
گھٹائیں گنگناتی ہیں ترا ہی ذکر کرکے جب
نکھر جائے ہر اک منزل، محبت اک عنایت ہے
چلا تھا چھوڑ کر تجھ کو مگر پھر لوٹ آیا ہوں
یہ ہے تقدیر کا حاصل، محبت اک عنایت ہے
کھڑی ہوتی ہیں راہِ عشق میں ہر بار دیواریں
رہیں گی لاکھ ہی حائل، محبت اک عنایت ہے
کبھی جو نرم سی خوشبو تمہارا ذکر کرتی ہے
ہوا ہو جاتی ہے غافل، محبت اک عنایت ہے
کہا دل نے یہ چاہت ہے، ہو جاؤ عشق میں کامل
ہر اک جذبہ بھی ہے شامل، محبت اک عنایت ہے
تمھاری بات سے دنیا بدلنے کا ہنر سیکھا
لگا سب خواب ہوں کامل، محبت اک عنایت ہے
بہاریں جب نظر آئیں، ہُوا دل درد سے غافل
مچل اٹھا دلِ بسمل، محبت اک عنایت ہے
کہا دل نے اے پاگل، راستہ کیسا چنا تم نے
جنوں میں کھو گئی منزل، محبت اک عنایت ہے
تمہاری یاد کے جگنو اندھیروں کو مٹاتے ہیں
چراغِ دل ہوا حاصل، محبت اک عنایت ہے
جو چاہے در پہ آئے، در کھلا رہتا ہے الفت کا
قبولیت کی ہے محفل، محبت اک عنایت ہے
تری یادوں نے پھر چھو کر کِیا بے چین میرا دل
مرا ہر سانس ہے بسمل، محبت اک عنایت ہے
محبت سے ہی ملتی ہے بلندی عز و عظمت کی
رہے ہر سانس میں شامل، محبت اک عنایت ہے

0
1