| تَخْلِیقِ کائنات کی جب ابتدا لکھے |
| اَوَّل نبی کے نور کی خالق ضِیا لکھے |
| حِصّے کئے یہ نور کے پروردگار نے |
| پھر مصطفیٰ کے نور سے آلِ عَبا لکھے |
| اِس نور کو خدا سے تھی اُلفت کمال کی |
| خالق جو ان کے عشق میں ارض و سما لکھے |
| لَوْح و قَلَم تو بعد میں آیا وجود میں |
| تھے اس سے پہلے بھی کہ وہ جس کی ثنا لکھے |
| لے کے شجر کو خلد سے پروردگار نے |
| بولا تمام شے کی وہ قدر و قضا لکھے |
| لکھتا گیا دیار کی تا حشر داستاں |
| ہر خلق کے وجود کی وہ اِنْتِہا لکھے |
| وہ اَنبِیا امام کی مدح و ثَنا لکھے |
| وہ ہل اَتیٰ لکھے تو کبھی اِنَّما لکھے |
| سِبْطِ نَبی کے نام پہ بولا وہ یا خدا |
| کیسے قلم مصائبِ کر بو بلا لکھے |
| میرا وجود ہے فقط اُن کے کمال سے |
| قسمت میں کیسے ان کے یہ ظلم و جفا لکھے |
| یہ تو حَبِیب تیرا ہے تیرے حَبِیب کا |
| اُس کے نصاب میں بَھلا کٹتا گَلا لکھے |
| دیکھا جو خیمہ گاہ کو جلتے ہوئے وہاں |
| حیرَت زَدَہ ہے رات بھی ظلمت میں کیا لکھے |
| قوت خدا کی بازو میں جس نو جوان کے |
| کٹ کر بھی حشر تک یہی بازو وفا لکھے |
| بازارِ شام و کوفہ میں آلِ رسولؑ کو |
| وہ مرکزِ حیا کو بھی اب بے ردا لکھے |
| مؤرخینِ دشت بھی کچھ لکھ نہیں سکے |
| بس داستانِ حق میں وہ سوگ اور بکا لکھے |
| بولا خدا قلم سے کہ تجھ کو نہ علم ہے |
| اپنے ہر اک عمل سے وہ میری رضا لکھے |
| بے بس نہیں ہے آل یہ لاچار بھی نہیں |
| ہے اختیارِ کُل کہ یہ اپنی بقا لکھے |
| قدرت نے ہر قلم کو دی قوت کمال کی |
| بدلے نصیب آج بھی ایسی ندا لکھے |
| کہتا ہوں ہر قلم سے میں جو اِخْتِیار ہو |
| دم ہے ترے جگر میں تو سچ کی صدا لکھے |
| باقر کو فکر ہو نہیں بَحْر و خیال کے |
| ملتا ہے جن کے اِذْن سے اُن کی عطا لکھے |
معلومات